دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے جمعرات کو اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا۔
جنگ نے اپنے استعفی کے ساتھ وزیر اعظم مودی ، دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال
اور یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور
تعاون کی وجہ سے ہی صدر راج کے دوران انتظامیہ کو چلایا جا سکا۔ جنگ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ تعلیم کے میدان میں واپس جا رہے ہیں ، جو ان
کی ترجیحات میں سب سے اوپر ہے۔ تاہم استعفی کی وجہ کیا ہے ، فوری طور پر
واضح نہیں ہوسکی ہے۔ خیال رہے کہ ابھی ان کی مدت کار کا
ڈیڑھ سال باقی تھا۔
جنگ جولائی 2013 میں لیفٹیننٹ گورنر بنے تھے۔ اس سے قبل وہ انڈین
ایڈمنسٹریٹو افسر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں۔ ادھر دہلی کے وزیر سیاحت کپل مشرا نے لیفٹیننٹ گورنر کے استعفی پر کہا کہ
دہلی کے اب اچھے دن آنے والے ہیں۔ جنگ دہلی کو زیادہ پریشان نہیں کر پائے۔
جبکہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس نے نجیب جنگ کے استعفی پر کہا کہ
نجیب جنگ کو ہماری نیک خواہشات، نجیب جنگ کا برتاؤ ان کا اپنا نہیں تھا،
وہ کسی اور کے دباو میں ایسا سلوک کر رہے تھے۔